اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کے 133ویں یومِ پیدائش کے موقع پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ فاطمہ جناح قائداعظم محمد علی جناح کی بااعتماد رفیقِ کار، تحریکِ پاکستان کی ممتاز رہنما اور جمہوری اقدار کی توانا علمبردار تھیں۔
صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ مادرِ ملت نے برصغیر کے مسلمانوں کی آزادی کی جدوجہد میں قائداعظم کا ہر مرحلے پر بھرپور ساتھ دیا اور قیامِ پاکستان کے بعد بھی ملک میں جمہوریت، آئین کی بالادستی اور عوامی حقوق کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ فاطمہ جناح خواتین کے قومی کردار، سماجی ترقی اور عوامی خدمت کی مضبوط داعی تھیں۔ ان کی جدوجہد، اصول پسندی اور قومی خدمات آج بھی پوری قوم، بالخصوص نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
صدر آصف علی زرداری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قوم مادرِ ملت کی قومی، جمہوری اور سماجی خدمات کو ہمیشہ قدر و احترام سے یاد رکھے گی اور ان کے افکار سے رہنمائی حاصل کرتی رہے گی۔
صدر مملکت نے مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کے لیے دعائے مغفرت کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے ان کے درجات کی بلندی کی دعا بھی کی۔
