ٹرینیڈاڈ: ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر جسٹن گریوز نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا ایک منفرد عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
میچ میں ایک وقت پر پاکستان کی بیٹنگ مضبوط پوزیشن میں دکھائی دے رہی تھی، تاہم جسٹن گریوز کی تباہ کن باؤلنگ کے سامنے پوری بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ ویسٹ انڈین آل راؤنڈر نے مسلسل پانچ میڈن اوورز کراتے ہوئے ہر اوور میں ایک، ایک وکٹ حاصل کی اور بغیر کوئی رن دیے پانچ پاکستانی بلے بازوں کو پویلین واپس بھیج دیا۔
اس شاندار اسپیل نے نہ صرف میچ کا پانسہ ویسٹ انڈیز کے حق میں پلٹ دیا بلکہ پاکستان کی اننگز بھی اچانک لڑکھڑا گئی۔ جسٹن گریوز کی برق رفتار اور درست لائن و لینتھ نے پاکستانی بیٹنگ کو سنبھلنے کا کوئی موقع نہ دیا۔
اس تاریخی کارکردگی کے ساتھ جسٹن گریوز ٹیسٹ کرکٹ کی 149 سالہ تاریخ میں یہ منفرد کارنامہ انجام دینے والے پہلے بولر بن گئے۔ ان کے اس یادگار اسپیل کو ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے بہترین باؤلنگ اسپیلز میں شمار کیا جا رہا ہے۔
جسٹن گریوز کی اس غیرمعمولی کارکردگی نے نہ صرف ویسٹ انڈیز کو میچ میں مضبوط پوزیشن دلائی بلکہ کرکٹ کی تاریخ میں ایک نیا باب بھی رقم کر دیا، جسے شائقین طویل عرصے تک یاد رکھیں گے۔
