اسلام آباد: پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری آج دوپہر 3 بج کر 15 منٹ پر اہم پریس کانفرنس کریں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پریس کانفرنس میں ملک کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال، دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں، انسدادِ دہشت گردی کی حکمت عملی اور قومی سلامتی سے متعلق اہم امور پر بریفنگ دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق پریس کانفرنس کے دوران حالیہ دہشت گرد حملوں، سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں، سرحدی صورتحال اور قومی سلامتی سے متعلق اہم پیش رفت پر بھی اظہارِ خیال کیے جانے کا امکان ہے۔ صحافیوں کی جانب سے مختلف قومی اور علاقائی سیکیورٹی معاملات پر سوالات بھی متوقع ہیں۔
یہ پریس کانفرنس ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب ملک میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور سیکیورٹی صورتحال پر قومی سطح پر توجہ مرکوز ہے، جس کے باعث ڈی جی آئی ایس پی آر کی بریفنگ کو غیر معمولی اہمیت دی جا رہی ہے۔
