خلیجی تعاون کونسل کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ نے آبنائے ہرمز کی تازہ صورتحال پر ویڈیو اجلاس منعقد کیا، جس میں خطے کی سکیورٹی، بحری آمدورفت اور امریکا و ایران کے درمیان جاری سفارتی رابطوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کے دوران خلیجی وزرائے خارجہ نے آبنائے ہرمز میں جہازرانی کی آزادی اور تجارتی بحری راستوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ شرکا کا کہنا تھا کہ یہ آبی گزرگاہ عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم ہے، اس لیے اس کی سلامتی پورے خطے کے مفاد میں ہے۔
وزرائے خارجہ نے آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کو محفوظ بنانے کے لیے رکن ممالک کے درمیان رابطے اور تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے بروقت معلومات کے تبادلے اور مشترکہ حکمت عملی کو مضبوط بنایا جائے۔
خلیجی ممالک کے وزرائے خارجہ نے امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات اور سفارتی کوششوں کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مذاکرات کے ذریعے خطے میں کشیدگی کم ہوگی اور امن و استحکام کی راہ ہموار ہوگی۔
اجلاس میں تمام متعلقہ فریقوں سے تحمل کا مظاہرہ کرنے، اختلافات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے اور ایسے اقدامات سے گریز کرنے کی اپیل کی گئی جو خطے کی سلامتی اور بین الاقوامی جہازرانی کے لیے خطرہ بن سکتے ہوں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے