لاہور: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے اور مسلسل بارشوں کے باعث لاہور میں سبزیوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جبکہ شہریوں کا کہنا ہے کہ ڈی سی ریٹ پر سبزیاں دستیاب ہی نہیں۔
بارشوں اور بعض علاقوں میں سیلابی صورتحال کے باعث موسمی سبزیوں کی سپلائی متاثر ہوئی، جس کے نتیجے میں بیشتر سبزیوں کے نرخ آسمان سے باتیں کرنے لگے ہیں۔
سرکاری نرخ نامے کے مطابق کریلے کا ریٹ 90 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم مارکیٹ میں یہ 150 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے، جبکہ دیسی ٹینڈے 200 روپے فی کلو تک پہنچ گئے ہیں۔
اسی طرح بھنڈی 250 روپے، شملہ مرچ 350 روپے، گھیا کدو 200 روپے اور بینگن 140 روپے فی کلوگرام میں فروخت ہو رہے ہیں۔
لہسن کی قیمت 300 روپے جبکہ ادرک 500 روپے فی کلوگرام تک پہنچ گئی ہے۔ مٹر 350 روپے، میتھی 220 روپے، پھول گوبھی 150 روپے اور اروی 120 روپے فی کلوگرام میں دستیاب ہے۔
دیگر سبزیوں میں آلو 40 روپے، پیاز 140 روپے فی کلوگرام میں فروخت ہو رہے ہیں، جبکہ ٹماٹر کا سرکاری ریٹ 255 روپے ہونے کے باوجود مارکیٹ میں 320 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ سبز مرچ اور لیموں بھی 150 روپے فی کلوگرام تک پہنچ چکے ہیں۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ سرکاری نرخ نامے پر عملدرآمد یقینی بنائے اور ناجائز منافع خوری کے خلاف مؤثر کارروائی کرے، کیونکہ بارشوں کے بعد سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے نے گھریلو بجٹ کو شدید متاثر کر دیا ہے۔
