
لاہور: سینئر صحافی اور تجزیہ کار نجم سیٹھی نے آزاد کشمیر کے انتخابات اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ موجودہ سیاسی حالات کو دیکھتے ہوئے انہیں لگتا ہے کہ آزاد کشمیر میں حکومت مسلم لیگ (ن) کے حوالے کی جائے گی، تاہم ساتھ ہی ن لیگ پر دباؤ بھی برقرار رکھا جائے گا۔
ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ مریم نواز کی آزاد کشمیر میں بھرپور انتخابی مہم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے بیانات سے ایسا تاثر ملتا ہے کہ آئندہ حکومت ن لیگ کی بن سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے انتخابات میں کامیاب ہوتی ہے تو اس کے سیاسی اثرات بعد کے انتخابی مراحل پر بھی پڑ سکتے ہیں اور عوام میں یہ تاثر پیدا ہوگا کہ ریاستی جھکاؤ ن لیگ کی جانب ہے۔
نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں مسلم لیگ (ن) کو سیاسی طور پر آگے بڑھانے کا فیصلہ ہو چکا ہے، تاہم اس کے ساتھ پارٹی کو مکمل آزادی نہیں دی جائے گی بلکہ اسے ایک حد تک دباؤ میں بھی رکھا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ علیم خان کو بھی سیاسی منظرنامے میں اہم کردار دیا جا سکتا ہے۔
پیپلز پارٹی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ ان کے نزدیک بلاول بھٹو زرداری کی یہ توقع حقیقت پسندانہ نہیں کہ آزاد کشمیر میں حکومت پیپلز پارٹی بنا سکے گی۔
