اسلام آباد — پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے جھوٹ بولا اور یہ جھوٹے لوگ ہیں۔
علیمہ خان کے مطابق 26ویں آئینی ترمیم پر بنے ہوئے دباؤ کو توڑنے کے لیے محسن نقوی نے جھوٹا بیانیہ بنایا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے ان سے کہا کہ سپرنٹنڈنٹ جیل کو درخواست دیں تاہم وکلاء نے فوری طور پر خبردار کیا کہ لاہور ہائیکورٹ فل بنچ کا 18 افراد کی ملاقات سے متعلق حکمنامہ موجود ہے اور سپرنٹنڈنٹ کو درخواست دینا اس عدالتی حکم کا بائی پاس بن جائے گا۔
علیمہ خان نے کہا کہ جب انہوں نے یہ درخواست دینے سے انکار کیا تو حکومت نے پروپیگنڈا شروع کر دیا کہ ملاقات علیمہ خان نہیں ہونے دے رہیں۔ انہوں نے اس الزام کو یکسر مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ ملاقات نہ ہونے کی ذمہ داری مکمل طور پر حکومت پر عائد ہوتی ہے۔
