کراچی — شارجہ سے کراچی آنے والی K2 ایئرویز کی بوئنگ 737 کارگو پرواز سے آج رات رابطہ منقطع ہو گیا جس کے بعد پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے فوری طور پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا ہے۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق طیارہ کراچی سے تقریباً 155 ناٹیکل میل مغرب میں بحیرہ عرب کے اوپر لاپتہ ہوا۔ رابطہ منقطع ہونے سے قبل طیارے کے عملے نے نیویگیشن سسٹم میں خرابی کی اطلاع دی تھی جس پر کراچی ایریا کنٹرول سینٹر نے فوری طور پر تکنیکی رہنمائی فراہم کی۔
ریڈار ڈیٹا کے مطابق طیارے کو تیزی سے بلندی کھوتے اور سمت تبدیل کرتے ہوئے دیکھا گیا جس کے بعد رابطہ مکمل طور پر منقطع ہو گیا۔ طیارے میں عملے کے پانچ افراد سوار تھے۔
ریسکیو کوآرڈینیشن سینٹر کو فعال کر دیا گیا ہے اور پاک بحریہ، پاک فضائیہ اور متعلقہ ادارے مشترکہ تلاش کی کارروائی میں حصہ لے رہے ہیں۔ صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے اور مزید اپڈیٹ آنے پر آگاہ کیا جائے گا۔

