لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور کے علاقے ہربنس پورہ میں چھت گرنے کے افسوسناک واقعے پر قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر لاہور اور دیگر انتظامی افسران فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے اور امدادی کارروائیوں کی نگرانی کی۔ حکام کے مطابق ریسکیو آپریشن مسلسل 27 گھنٹے جاری رہا، جبکہ وزیراعلیٰ مریم نواز کارروائیوں کی لمحہ بہ لمحہ رپورٹ حاصل کرتی رہیں۔
وزیراعلیٰ نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے جان بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ متاثرہ خاندانوں کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی گئی۔
انتظامیہ کے مطابق جان بحق افراد کی تجہیز و تکفین کے انتظامات جاری ہیں، جبکہ احتیاطی تدابیر کے طور پر متاثرہ علاقے کو سیل کر کے ملحقہ گھروں کو بھی خالی کرا لیا گیا ہے تاکہ کسی مزید حادثے سے بچا جا سکے۔
ریسکیو حکام کے مطابق امدادی کارروائیوں میں 70 ریسکیورز نے بھاری مشینری، خصوصی آلات اور ریسکیو گاڑیوں کے ساتھ حصہ لیا۔ سول ڈیفنس کے رضاکار، محکمہ صحت کی ٹیمیں اور ستھرا پنجاب کا عملہ بھی ریسکیو آپریشن میں شریک رہا۔
