محمد باقر قالیباف نے اپنے بیان میں کہا کہ ایرانی عوام نے بھرپور اتحاد، عقیدت اور وابستگی کے ساتھ اپنے شہید رہبر کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم کی بڑی تعداد کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ ایرانی عوام اپنے رہبر کی خدمات، جدوجہد اور قربانیوں کو فراموش نہیں کریں گے۔
اسپیکر ایرانی پارلیمنٹ نے کہا کہ ہم نے اپنے شہید رہبر سے ہمیشہ بھلائی ہی دیکھی۔ ان کے مطابق شہید رہبر نے اپنی زندگی ایران، اسلامی انقلاب، قومی خودمختاری اور عوامی وقار کے دفاع کے لیے وقف کیے رکھی۔
محمد باقر قالیباف کا کہنا تھا کہ ایرانی قوم نے مشکل ترین حالات میں بھی اپنے اتحاد، صبر اور مزاحمت سے ثابت کیا ہے کہ اسے دباؤ، دھمکیوں یا بیرونی مداخلت کے ذریعے کمزور نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہید رہبر کی فکر، جدوجہد اور رہنمائی ایران کے مستقبل کے لیے مشعلِ راہ رہے گی، جبکہ ایرانی عوام اپنے قومی وقار، آزادی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے متحد رہیں گے۔

